ابنا: کمشنر لاہور ڈویژن امداد اﷲ بوسال نے کہا ہے کہ 21 رمضان المبارک کو یومِ شہادت حضرت علی(ع) کے موقع پر تمام جلوسوں اور مجلسوں کے لیے انتظامی اور حفاظتی انتظامات کے لیے منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے اور تمام سرگرمیوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی اور ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس لاہور کو ہدایت کی کہ متبادل ٹریفک پلان میڈیا میں مشتہر کرے تاکہ لاہور کے مرکزی جلوس کے روٹ کے باعث راستہ بند ہونے سے شہریوں کو تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حفاظتی اقدامات کے حوالے سے تین سطحی سیکورٹی چیک کے ساتھ ساتھ واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز سے بھی مدد لی جائے گی۔
کمشنر لاہور ڈویژن امدا داﷲ بوسال نے ان خیالات کا اظہار یوم شہادت حضرت علی(ع) کے حوالے سے انتظامات کے لیے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں پرویز ملک ایم این اے، چودھری شہباز احمد ایم پی اے، سید احمد منیر لائنس ہولڈر، سید اجمل حسین نقوی چیئرمین عزاداری فاؤنڈیشن پاکستان، میاں اعجاز حسین بھٹی، آغا شاہ حسین قزلباش، علامہ مشتاق جعفری، ڈی سی او لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ، قصور، ایس پی سٹی جہانزیب خاں، عبدالغفار قیصرانی ایس پی سیکورٹی کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
کمشنر لاہور امداد اﷲ بوسال نے کہا کہ ہر چھوٹی اور بڑی مجلس اور جلوسوں کیلئے سیکورٹی انتظامات کیے جائیں گے اور مجالس منتظمین کا بھی فرض ہے کہ وہ اپنے افراد کے علاوہ پانی کی سبیلوں اور کھانے کے کیمپوں کی بھی خود پڑتال کریں۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو جلوسوں کے راستوں میں موجود بجلی کے نظام کو محفوظ بنائے گا جبکہ سوئی گیس کے جنگلوں اور ٹیلی فون باکسز کو متعلقہ ایس ایچ او کلیئر کرکے سیل کرے گا اور باقاعدہ سرٹیفکیٹ جمع کرائے گا۔ اجلاس میں موجود اہل تشیع علماء نے انتظامیہ کی حفاظتی اقدامات کیلئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ہمیں تمام مکاتب فکر کے علماء کے علاوہ منتخب عوامی نمائندوں کی حمایت اور تعاون بھی حاصل ہے۔
.......
/169